نئی دہلی،10/فروری(ایس اونیوز/ایجنسی) دہلی اسمبلی انتخابات میں پولنگ ختم ہونے کے بعد عام آدمی پارٹی نے الیکشن کمیشن پر سوال اٹھایاہے۔عآپ کے راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ نے اتوار کو کہا کہ کیا الیکشن کمیشن پریس کانفرنس کرکے عوام کو بتائے گاکہ دہلی میں کتنے فیصد ووٹنگ ہوئی۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں آزاد ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہورہاہے جب الیکشن کمیشن نے 24گھنٹے گزرجانے کے باوجود نہیں بتایا کہ دہلی میں ووٹنگ کتنے فیصد ہوئی۔لوک سبھا کے بھی انتخابات ہوئے اس وقت بھی الیکشن کمیشن نے اسی دن ووٹنگ فیصد سے لوگوں کوباخبر کردیا تھا۔
دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے بھی کہا ہے کہ یہ بہت چونکانے والی بات ہے کہ نائب وزیراعلیٰ نے طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا ووٹنگ فیصدکا فیصلہ بی جے پی آفس سے ہوگا، اس لئے الیکشن کمیشن ابھی تک ووٹنگ فیصد نہیں بتاسکا ہے۔ سنجے سنگھ نے مزید کہا کہ جب بیلٹ پیپر سے ووٹنگ ہوتی تھی تو اگلے ہی دن صبح میں اخباروں میں یہ خبریں آجاتی تھیں کہ کتنے فیصد پولنگ ہوئی۔ دہلی اسمبلی انتخابات2020کے اختتام پر ہفتہ کے روز سے ہی تمام میڈیا اور دلی کے تمام لوگ انتظار کررہے ہیں کہ آخر دلی میں کتنے فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اس ترقی یافتہ الیکٹرانک دور میں الیکشن کمیشن کا اس طرح تاخیر کرنایہ بتاتاہے کہ دال میں کچھ کالا ہے اور کہیں کھچڑی پک رہی ہے، یا کوئی کھیل چل رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ24گھنٹے گزرجانے کے باوجود ووٹنگ فیصد کا اعلان الیکشن کمیشن کیوں نہیں کررہا ہے۔لوک سبھا ہو یا بڑی بڑی ریاستوں کے اسمبلی انتخابات ہربار ووٹنگ فیصد اسی دن بتایا دیاجاتا ہے۔ دہلی میں صرف 70اسمبلی سیٹیں ہیں پھر ووٹنگ فیصد بتانے میں اتنی تاخیر کیوں ہورہی ہے؟۔ سنجے سنگھ نے الیکشن کمیشن سے سوال کیا کہ الگ الگ بوتھوں سے پوری معلومات کو جوڑ کربتانے میں آپ کو کتنا وقت لگتا ہے؟۔ زیادہ سے زیادہ دو یا تین گھنٹے لگتے ہیں، لیکن24گھنٹے گزرجانے کے باوجود ووٹنگ فیصد کا اعلان نہ کرنا دہلی والوں کو متحیر کررہا ہے۔
اروند کجریوال نے ٹوئیٹر پر کہا کہ ووٹنگ فیصد کا اعلان نہ کرنا چونکا نے والی بات ہے،الیکشن کمیشن کیا کررہاہے، واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے بعد تمام ایکزٹ پولس میں دہلی میں عام آدمی پارٹی کی واپسی کارجحان بتایاہے۔بی جے پی کی سیٹیں بڑھ سکتی ہیں اور دوسرے نمبر پر رہ سکتی ہے، جبکہ کانگریس کا کھاتہ اس بار بھی نہ کھلنے کا امکان ظاہر کیاجارہاہے۔ حالانکہ بی جے پی نے کہا ہے کہ ایکزٹ پول صحیح نہیں ہیں،48سیٹوں سے زیادہ بی جے پی جیتے گی۔